ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال : پروین نیٹارو مرڈر معاملہ : این آئی اے نے مارا ایس ڈی پی آئی کارکن کے مکان پر چھاپہ

بنٹوال : پروین نیٹارو مرڈر معاملہ : این آئی اے نے مارا ایس ڈی پی آئی کارکن کے مکان پر چھاپہ

Thu, 08 Sep 2022 12:53:58    S.O. News Service

بنٹوال،  8 ؍ ستمبر (ایس او نیوز) پچھلے دنوں ہوئے بی جے پی یووا مورچہ لیڈر پروین نیٹارو بیلارے مرڈر کیس کی تحقیقات کر رہی این آئی اے کی  ٹیم نے بی سی روڈ پر واقع ایس ڈی پی آئی کارکن ریاض فرنگی پیٹ کے مکان پر آج علی الصبح چھاپہ مارا اور تلاشی مہم چلائی ۔
    
یاد رہے کہ دو دن قبل این آئی اے نے میسورو، کوڈاگو اور جنوبی کینرا میں ایس ڈی پی آئی سے تعلق رکھنے والے 33 لیڈروں اور کارکنان کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا تھا اور کئی دستاویزات اور کاغذات اپنی تحویل میں لینے کی بات کہی تھی ۔ 
    
ان تلاشیوں کے بعد میڈیا میں یہ خبر آئی تھی کہ پروین نیٹارو کا قتل پی ایف آئی والوں نے کیا ہے اور این آئی اے کے ایک افسر کے حوالے سے یہ بات کہی تھی کہ " منگل کے دن ملزمین اور مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر کی گئی تلاشیوں میں ڈیجیٹل آلہ جات ، استعمال کیا گیا اسلحہ ،  استعمال  کیے گئے ہتھیار، نقدی ، قابل گرفت دستاویزات ، پمفلیٹس اور لٹریچر ضبط کیا گیا ہے ۔"
    
بتایا جاتا ہے کہ آج کی چھاپہ ماری کے دوران این آئی اے پولیس نے ریاض فرنگی پیٹ سے متعلق دستاویزات کا معائنہ کیا ۔ اس دوران ریاض فرنگی پیٹ کے گھر کے سامنے ایس ڈی پی آئی کارکنان کا ہجوم جمع ہوگیا اور انہوں نے 'گو بیک ، گو بیک ' کے نعرے لگاتے ہوئے چھاپہ ماری کے خلاف احتجاجی مظاہرا کیا ۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے بنٹوال سب انسپکٹر اویناش کی قیادت میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور اس کے بعد مظاہرا روک دیا گیا ۔ 


Share: