ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بشار الاسد کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی: تجزیہ کار

بشار الاسد کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی: تجزیہ کار

Sat, 08 Apr 2017 18:51:12    S.O. News Service

واشنگٹن،8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام کے ایک ہوائی اڈے پر امریکہ کے میزائل حملوں کے بارے میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، پاکستان اورہندوستان کے تجزیہ کاروں نے پروگرام ’جہاں رنگ‘ میں صورت حال کا جائزہ لیا۔اس سوال پر کہ اگلا اقدام کیا ہو سکتا ہے، نیویارک سے محسن ظہیر نے کہا کہ یہی سب سے بڑا سوال ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ امریکہ کی ایک محدود کارروائی تھی۔ بقول اْن کے، ”اس سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ شام پر بین الاقوامی برادری کے جو تحفظات ہیں کہ اگر وہ ’ریڈ لائن کراس‘ کرا ہے، تو پھر اگلا قدم طاقت کا استعمال ہی ہو سکتا ہے، جو ابھی محدود ہے۔ لیکن، آئندہ بڑے پیمانے پر بھی ہو سکتی ہے“۔
پاکستان سے برگیڈیئر (ر) عمران ملک نے کہا کہ ”بین الاقوامی برادری کو اپنا مشترکہ دشمن تلاش کرنا چاہئے اور اگر وہ داعش ہے تو اْس کے خلاف مل کر کارروائی کرنا چاہئے۔ پھر خطے کی اہم طاقتوں کے ساتھ بیٹھ کر اْن کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہئے اور آخری قدم کے طور پر زمینی حقائق کا جائزہ لیتے ہوئے سیاسی حل تلاش کیا جانا چاہئے۔لندن سے منظر وسیم نے کہا کہ یورپ میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس امریکہ کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن، اس میں اضافہ نہیں چاہتے کیونکہ اپنے حالات کو دیکھتے ہوئے وہ لڑائی کو بڑھانے کے خواہاں نہیں ہیں۔جرمنی سے ڈاکٹر حسین نے کہا کہ اْن کے خیال میں اس طرح کی کارروائی کوئی ’گیم چینجر‘ نہیں؛ اور بشار الاسد اپنی پوزیشن پر قائم رہیں گے۔ لیکن، بقول اْن کے، ”وہ طویل عرصے تک اس طرح سے حکومت نہیں کرسکتے۔ لیکن، فوری طور پر یہ امکان نہیں کہ اْن کے مخالف گروپ اْن کو شکست دے دیں گے“۔


Share: