ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / برہماور : راہگیروں پر حملے کرتا ہوا بے لگام سانڈ - 1 خاتون ہلاک 2 خواتین شدید زخمی 

برہماور : راہگیروں پر حملے کرتا ہوا بے لگام سانڈ - 1 خاتون ہلاک 2 خواتین شدید زخمی 

Sat, 10 Sep 2022 22:44:23    S.O. News Service

برہماور،11؍ ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے مارکیٹ علاقے میں ایک بہت بڑا سانڈ  ہے جس نے کئی عام لوگوں پر حملہ کیا ہے ۔ اس کے نتیجے میں اب تک ایک خاتون ہلاک اور دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
    
عجیب بات یہ ہے کہ یہ سانڈ بازار میں آوارہ پھرتا رہتا ہے اور تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے اس کو سدھانے کی کوئی ذمہ داری نہیں لی جاتی ۔ ایک طرف جانوروں کے شیدائیوں کے لئے یہ دلچسپی اور دلکشی کا باعث ہے تو دوسری طرف عام لوگوں کی جان کے لئے خطرہ بن گیا ہے۔ 
    
مہالنگیشور مندر سے تعلق رکھنے والے اس سانڈ کو بازار میں یونہی بے لگام گھومنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ سڑک کنارے کی دکانوں سے یہ فروٹ اور ترکاریاں کھا جاتا ہے اور پھر دو پہیہ گاڑیوں ، آٹو رکشہ اور کاروں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ 
    
اس سانڈ کے حملے میں اندرا نائیک (71 سال) نامی خاتون زخمی ہوگئیں ۔ حالانکہ ان کے اہل خانہ نے علاج پر لاکھوں روپے خرچ کیے مگر اس خاتون نے زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے 29 اگست کو دم توڑ دیا ۔ ایک دوسرے واقعہ میں گوری نائیک  (71 سال) نامی خاتون کو اس سانڈ نے گھر میں گھس کر زخمی کر دیا ۔ وہ کوما میں چلی گئیں ۔ اس کا بیٹا روزانہ مزدوری کرتا ہے ۔ اس نے لاکھوں روپے اب تک علاج پر خرچ کیے مگر وہ ابھی تک زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں ۔ بیلی بائی نامی ایک اور خاتون اس سانڈ کے حملے میں اس طرح زخمی ہوگئی کہ وہ اب چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہی۔ 
    
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لوگوں پر حملوں کو روکنے کے لئے اس سے قبل دو مہینے تک اس سانڈ کو باندھ کر رکھا گیا تھا ، مگر جیسے ہی اسے آزاد کیا گیا وہ پھر اپنی پرانی چال پر آ گیا اور پھر سے لوگوں پر حملے کرنے لگا ہے۔ 


Share: