ساؤ پاؤلو،30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)برازیل میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی ایک بڑی جیل سے 200قیدی جیل توڑ کر فرار ہوگئے تاہم پولیس کی فوری کارروائی کے بعد فرار ہونے والے نصف قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔خبر رساں اداروں نے برازیلی حکومتی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر ساؤ پاؤلو سے شمال مغرب میں 160کلو میٹر دور قائم جارڈینوپولیس جیل میں سیکڑوں قیدیوں نے اس وقت بغات کردی ہے جب علی الصباح معمول کے مطابق قیدیوں کی گنتی کا عمل جاری تھا۔ اس دوران قیدیوں نے جیل میں آگ لگائی اور بد نظمی پھیلاتے ہوئے جیل کی بیرونی دیوار پھلانگنے کے بعد چار میٹر بلند خار دار تار کی باڑ کاٹ کر فرار ہوگئے۔ کچھ قیدیوں کو جیل کے قریب ہی واقع گنے کے کھیتوں سے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ قیدیوں کے فرار کی کوشش کے دوران اس میں کوئی جانی نقصان بھی ہوا ہے یا نہیں۔ساؤپاؤلو جیل حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے آدھے قیدیوں کو قریبی کھیتوں اور دریا کے کنارے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ایک مقامی اخبار نے جیل کے ایک عہدیدارکا بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ایک ہزار قیدیوں کی گنجائش والی جیل میں 1800افراد کو قید کیا گیا تھا۔ حکام علی الصباح قیدیوں کی گنتی کررہے تھے کہ انہوں نے بغاوت کردی۔حکام نے جیل میں ڈالے گئے افراد کے جرائم سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے۔ خیال رہے کہ برازیل جیلوں میں بغاوت کے حوالے سے پہلے بھی بدنا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی برازیلی جیلوں میں قیدیوں سے ناروا سلوک کی بناء پر برازیلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں۔