نئی دہلی، 7/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بدعنوانی اور بلیک منی کے خلاف اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سابقہ کانگریس حکومت پر فیصلہ کن حکومت دینے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے سخت حملہ بولا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی، اس کو ملک کے سامنے جواب دینا ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بدعنوانی اور بلیک منی کے خلاف جس راستے پر انہوں نے قدم بڑھایا ہے، وہ اس راستے سے واپس لوٹنے والے نہیں ہیں، وہ غریبوں کے لیے لڑائی لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔کچھ وقت پہلے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے ’زلزلے‘والے بیان پر چٹکی لیتے ہوئے مودی نے کل ملک کے کچھ حصوں میں آئے زلزلے کا ذکر کیا اور کہا کہ آخر زلزلہ آ ہی گیا،دھمکی تو بہت پہلے ہی مل چکی تھی لیکن کل زلزلہ آ ہی گیا۔کانگریس نائب صدر پر بالواسطہ نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب کوئی اسکیم میں خدمت کا جذبہ دیکھتا ہے، اسکیم میں نرمی دیکھتا ہے تو صرف ماں ہی نہیں، دھرتی ماں بھی دکھی ہو جاتی ہے اور پھر زلزلہ آتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کچھ وقت پہلے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ انہیں پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیا جا رہا ہے اور جب میں بولوں گا تو زلزلہ آ جائے گا۔صدر کے خطاب پر شکریہ کی تجویز پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے نوٹ بند ی کا فیصلہ تنہا اور اچانک لینے کے حزب اختلاف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تجویز اس وقت آئی جب اندراجی کی حکومت تھی اور یشونت راؤ چوہان ان کے پاس گئے تھے، پھر اسے آگے اس وجہ سے نہیں بڑھا دیا گیا کیونکہ آپ(کانگریس)کو الیکشن کی فکر تھی،ہمیں الیکشن کی فکر نہیں ہے، ہمارے لیے ملک کا مفاد اہم ہے۔کانگریس پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے مودی نے کہا کہ بحث کے دوران آپ (کانگریس)کہہ رہے تھے کہ بلیک منی جائیداد، ہیرے اور جواہرات کی شکل میں ہے، ہم بھی اس بات کو مانتے ہیں،لیکن اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ بدعنوانی کا آغاز نقدی سے ہوتا ہے،آگے اس کا داخل پراپرٹی، زیورات وغیرہ میں ہوتا ہیں۔غیر اعلانیہ جائیداد کو لے کر آنے والے دنوں میں سخت قدم اٹھانے کا اشارہ دیتے ہوئے انہوں نے سوال کیاکہ یہ ایوان جاننا چاہتا ہے کہ یہ علم کانگریس کو کب ہوا؟کیا یہ علم آپ کو آج ہی ہوا؟انہوں نے کہا کہ بلیک منی اور بدعنوانی کے خلاف وہ جو قدم اٹھا رہے ہیں، اس سے ان کے اوپر کیاگزرے گی، کیا ظلم ہوں گے، انہیں معلوم ہیں، لیکن وہ عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔