ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایوان بالا میں بھی کاویری مسئلہ پر مرکز کو مبارکباد

ایوان بالا میں بھی کاویری مسئلہ پر مرکز کو مبارکباد

Tue, 04 Oct 2016 11:02:40    S.O. News Service

بنگلورو،3؍اکتوبر(ایس او نیوز) کاویری آبی تنازعہ پر سماعت کے دوران کاویری نگرانی بورڈ قائم کرنے سپریم کورٹ کی طرف سے سنائے گئے فیصلے کے خلاف مرکزی حکومت کے حلف نامہ اور بورڈ قائم کرنے سے صاف انکار پر آج ریاستی لیجسلیٹیو کونسل میں بھی مرکزی حکومت کو پارٹی امتیازات سے بالا تر ہوکر مبارکباد دی گئی۔ آج صبح جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی وزیر داخلہ اور ایوان کے لیڈر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ایوان کو بتایاکہ مرکزی حکومت نے کرناٹک کے حق میں ایک مژدۂ جانفزا سنایا ہے۔ وہ یہ کہ سپریم کورٹ میں آج کاویری تنازعہ کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کی طرف سے یہ حلف نامہ دائر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کاویری نگرانی بورڈ کا قیام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کے اس موقف کیلئے وزیراعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا قابل مبارکباد ہیں۔ بھوک ہڑتال کرکے دیوے گوڈا اگر دباؤ نہ پیدا کرتے تو شاید ہی مرکزی حکومت ایسا کوئی فیصلہ لے پاتی۔ انہوں نے کہاکہ 30 ستمبر کو کاویری نگرانی بورڈ قائم کرنے عدالت کے فیصلے کو ماننے کے بعد آج اچانک مرکز نے یوٹرن لیتے ہوئے کرناٹک کے حق میں جو حقیقت پسندانہ موقف اپنایا ہے وہ یقیناًقابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس طرح کا حلف نامہ دائر کرنے میں جن جن لوگوں نے جدوجہد کی وہ تمام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس مرحلے میں ایوان کے چیرمین شنکر مورتی نے کہاکہ کاویری معاملہ ایک حساس موضوع ہے اسی لئے اس پر بولتے ہوئے تمام ممبران احتیاط برتیں ، اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا نے کہاکہ مرکزی حکومت کے اس موقف کے بعد اگر تمام سیاسی پارٹیوں کو طلب کرکے میٹنگ کی جاتی تو ایوان کی کارروائی چلانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ جنتادل (ایس) کے لیڈر پٹنا نے کہاکہ کاویری معاملے پر تمام سیاسی قائدین کو بولتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے کہ اب یہ مسئلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔


Share: