پنجی، 30 ؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)کے سربراہ شرد پوار نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملائے گی ۔ان کا کہنا ہے کہ این سی پی کبھی بھگوا پارٹی کی حمایت نہیں کرے گی، فرقہ پرست طاقتوں سے ہاتھ نہیں ملائے گی اور سیکولرازم پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔واسکو میں کل رات ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہاکہ ایسی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ این سی پی بی جے پی کے قریب جا رہی ہے، یہ بالکل بے بنیاد خبریں ہے، این سی پی کبھی بھی بی جے پی کی حمایت نہیں کرے گی۔پوار یہاں پر اپنے پارٹی امیدوار جوس فلپ ڈیسوزا کے حق میں تشہیر کرنے کے لیے آئے تھے۔قابل ذکرہے کہ حال ہی میں پوار کو ملک کے دوسرے اعلی ترین اعزاز’پدم وبھوشن‘سے نوازنے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔پوار نے کہاکہ ہم کبھی بھی سیکولر ازم پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، این سی پی کبھی بھی فرقہ پرست طاقتوں کے ساتھ نہیں جائے گی۔جو فرقہ پرستی کے حق میں اور اسے پھیلانے والے ہیں ہم کبھی بھی ان کے ساتھ نہیں جائیں گے۔واضح رہے کہ بی ایم سی الیکشن سے عین قبل شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کے ساتھ اپنا دو دہائی پرانا اتحاد توڑنے کا اعلان کیاتھا ، اس سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی کہ ممبئی میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات سے پہلے اور ریاست میں دیگر مقامات پر بی جے پی این سی پی سے حمایت مانگ سکتی ہے۔