استنبول10فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دستوری ترامیم کے اْس بل کی توثیق کر دی ہے، جس کے تحت حکومتی اختیارات وزیراعظم سے صدر کو منتقل ہو جائیں گے۔ صدارتی توثیق کے بعد اب اِس بِل پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے گا اور عوامی منظوری پر یہ قانون بن کر ترک دستور کا حصہ بن جائے گا۔ دستور میں ترامیم کا پیکیج رواں برس پہلی جنوری کو منظور کیا گیا تھا۔ نائب وزیراعظم نعمان کْرتْلموس کا کہنا ہے کہ امکاناً دستوری ریفرنڈم اپریل کی سولہ تاریخ کو کرایا جا سکتا ہے۔ اس دستوری پیکیج کی منظوری کے لیے عوام کی سادہ اکثریت درکار ہو گی۔ ریفرنڈم میں منظوری کے بعد باسٹھ سالہ ایردوآن سن 2034 تک الیکشن جیتنے کی صورت میں اپنے ملک کے صدر رہ سکیں گے۔