ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی معاملے کے خلاف مظاہرہ

اڈپی : خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی معاملے کے خلاف مظاہرہ

Sat, 03 Jun 2023 00:12:27    S.O. News Service

اڈپی 2/ جون (ایس او نیوز) خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی معاملے پر مرکزی حکومت کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے دلت سنگھرش سمیتی کے بینر تلے شہر میں شام کے وقت جلتی ہوئی شمعوں کے ساتھ احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ 
    
اس کے بعد بورڈ ہائی اسکول کے روبرو جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر دانشور پروفیسر پھنی راج نے کہا کہ خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی معاملے میں مرکزی حکومت نے جو رویہ اختیار کیا ہے اس سے یہی پیغام جاتا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم انجام دینے کے بعد بھی قانون کی گرفت سے باہر رہنا ممکن ہے۔ خواتین پہلوانوں کے معاملے میں دستوری منصب پر فائز ملزم کے خلاف پوکسو جیسے سخت قانون کے تحت کیس درج ہونے کے باوجود اسے گرفتار نہ کیا جانا یہ پیغام دیتا ہے کہ ملک کے اندر خواتین کے لئے کوئی تحفظ نہیں ہے۔ اگر اس وقت خواتین سمیت ملک کے تمام باشندے اس کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج نہیں  کرتے تو پھر آئندہ کسی کے لئے  بھی محفوظ رہنا ممکن نہیں ہوگا۔ 
    
دلت سنگھرش سمیتی کی سالیڈیاریٹی احتجاجی کمیٹی کے ضلع کنوینر منجوناتھ گلیار نے کہا کہ خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا الزام کشتی فیڈریشن کے چیف اور رکن پارلیمان برج بھوشن پر لگا ہے  اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے خواتین پہلوان دھرنا دے رہی ہیں۔ ایسے میں مرکزی حکومت ملزم  کو تحفظ فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ یہ اس ملک کے لئے شرم سے سر جھکانے کی بات  ہوگئی ہے۔ بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو کا راگ الاپنے والے وزیر اعظم نے خواتین کے ساتھ ظلم ہونے کے باوجود اپنی زبان جو بند رکھی ہے یہ افسوسناک ہے ۔ 


Share: