میلبورن 27جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کرکٹ میں ایسا موقع کسی بھی سطح پر شاید پہلے کبھی نہیں آیا ہوگا،بلے بازی کے لحاظ سے ایک اوور میں 6چھکے لگنے کی بات تو ہم کئی بار سن چکے ہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں گیری سوبرس اور روی شاستری اور یلیکس ہیلز، ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور ٹی 20کرکٹ میں یوراج سنگھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، لیکن ایک اوور کی تمام چھ گیندوں پر وکٹ حاصل کرنا شاید اس سے بھی مشکل ہے۔آسٹریلیا کلب سطح کے ایک کرکٹر نے اس کرشمے کو انجام دیا ہے۔گولڈن پوائنٹ کرکٹ کلب کے ایلیڈ کیری نے اوور کی6 گیندوں پر6 وکٹ لے کر ایسا کمال کر دیا ہے کہ ان کا نام بات چیت میں آتا جا رہا ہے۔
وکٹوریہ میں بلریٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹورنامنٹ میں 29سال کے ایلیڈ نے 6 وکٹ لینے والا اوور کیا۔مزے کی بات یہ ہے کہ اپنے پہلے 8اوور میں اس گیند باز کو کوئی وکٹ نہیں ملا تھا، لیکن اس کے نویں اوور میں انہوں نے ایسا کارنامہ کر دیا کہ کرکٹ بک میں اہم مقام بنا لیا۔ان کے نام ایسا ریکارڈ بن گیا جو اپنے آپ میں منفرد ہے۔یہ ایلیڈ کے 6 وکٹ کا ہی کمال تھا کہ میچ میں بیلیریٹ کی ٹیم محض 40رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ایلیڈ کے پہلے اور دوسرے وکٹ، سلیپ اور وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اگلا وکٹ انہیں ایل بی ڈبلیو کے طور پر ملا جبکہ اگلے تین بلے بازوں کو انہوں نے بولڈ آؤٹ کیا۔6 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دینے کے بعد ایلیڈ کو سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کس طرح کا رد عمل دیں۔انہوں نے کہا کہ میں اب بھی صدمے کی سی حالت میں ہوں۔یہ ایسا کارنامہ ہے جو عام طور پر نہیں دکھائی دیتا،مجھے لگتا ہے کہ یہ میراخوش قسمت دن تھا،مجھے نہیں لگتا کہ میں پھر کبھی اس طرح کا کارنامہ کر پاؤں گا۔کیری کے اس کمال کی خبر آسٹریلیا کے ساتھ ہی دنیا بھر میں پھیلتی جا رہی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ میں ابھی تک کوئی کرکٹر اوور کی تمام 6 گیندوں پر وکٹ حاصل نہیں کر پایا ہے۔