واشنگٹن،18مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اس دعوے پر قائم ہیں کہ اوباما انتظامیہ نے ٹرمپ ٹاور میں برطانونی سکیورٹی کے تعاون سے ان کے فون ٹیپ کئے تھے جسے برطانوی حکام مضحکہ خیزقرار دے کر مسترد کر چکے ہیں۔ٹرمپ نے جمعہ کو جرمن چانسلر اینگلا مرکل کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کی۔فون ٹیپنگ کے الزام کے بارے میں پوچھے گئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے ایک فون ٹیپنگ اسکینڈل کا حوالہ دیا جس میں امریکہ کے سکیورٹی سے متعلق عہدیداروں نے مرکل کی ذاتی گفتگو سننے کے لئے ان کے فون کی نگرانی کی تھی۔ٹرمپ نے مرکل کو کہا کہ جہاں تک سابق انتظامیہ کی طرف سے فون ٹیپنگ کا معاملہ ہے اور میرے خیال میں شاید ہمارے درمیان ایک بات مشترک ہے۔تاہم چانسلر مرکل نے اس پر کسی ردعمل کا اظہار نا کیا۔