ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ : تکنیکی خرابی کی وجہ سے بیچ ندی میں پھنس گئی کشتی - 5 مسافروں کو فائر بریگیڈ عملہ نے بچا لیا

انکولہ : تکنیکی خرابی کی وجہ سے بیچ ندی میں پھنس گئی کشتی - 5 مسافروں کو فائر بریگیڈ عملہ نے بچا لیا

Thu, 07 Jul 2022 19:37:10    S.O. News Service

انکولہ 7 / جولائی (ایس او نیوز) مقامی لوگوں کو ندی پار کروانے کے لئے استعمال ہونے والی ایک کشتی تکنیکی خرابی کی وجہ سے  5 مسافروں کے ساتھ  گنگاولی ندی  میں  پھنس گئی  تھی، مگر فائر بریگیڈ کا عملہ پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے میں کامیاب ہوگیا۔

معلوم ہوا ہے کہ انکولہ تعلقہ کے ڈونگری پنچایت علاقے میں رابطہ کا جو پل تھا وہ گزشتہ دو سال قبل گنگاولی ندی میں آنے والے سیلاب میں بہہ گیا تھا ۔ اس کے بعد یہاں نئے پُل کے تعمیر کا کام فی الحال جاری ہے ۔  گزشتہ تین چار دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے عبوری طور پر استعمال  ہونے والے پُل پر بھی پانی بہنے لگا اور گولا پور سے ڈونگری کے رابطہ کے لئے کوئی راستہ باقی نہیں رہا ۔ ایسے میں پانچ لوگ کشتی میں سوار ہو کر ندی پار کرنے لگے ؛لیکن کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کشتی کا انجن بیج ندی میں ہی  بند ہوگیا ، جس کی وجہ سے کشتی پر سوار بیچ ندی میں ہی پھنس گئے ۔ حالانکہ  سیلابی حالت میں بہنے والی ندی میں پھنسے ہوئے کشتی کے مسافروں  میں سے ایک کو چھوڑ کر باقی چار لوگوں نے لائف جیکیٹ پہن رکھی تھی ، پھر بھی وہ خوف و دہشت  میں مبتلا ہوگئے ۔ 

اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ عملہ نے موقع پر پہنچ کر ندی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو بچانے کی کوشش کی مگر یہ ممکن نہیں ہو رہا تھا اس دوران مقامی تیراک نارائن سدّی ، سنیا سدّی اور اسماعیل نے بڑی مشقت کی اور ان کی مدد سے فائر بریگیڈ عملہ کو راحت رسانی میں کامیابی ملی ۔


Share: