ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ میں وزیر تعلیم مدھو بنگارپّا نے کہا : اننت کمار ہیگڈے کو بی جے پی کا ٹکٹ ملنا چاہیے تاکہ ہم انہیں سبق سکھاسکیں

انکولہ میں وزیر تعلیم مدھو بنگارپّا نے کہا : اننت کمار ہیگڈے کو بی جے پی کا ٹکٹ ملنا چاہیے تاکہ ہم انہیں سبق سکھاسکیں

Sun, 21 Jan 2024 19:46:33    S.O. News Service

انکولہ 21 / جنوری (ایس او نیوز) شہر کے ٹورسٹ بنگلو میں اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم مدھو بنگارپّا نے کہا  کہ جمہوریت کی مخالفت اور دستور کو بدلنے کی بات کرنے والے اننت کمار ہیگڈے کو بی جے پی کی طرف سے پارلیمانی الیکشن میں ٹکٹ دینا چاہیے ۔  تاکہ ہم  انہیں  صحیح سبق سکھاسکیں ۔

    مدھو بنگارپّا نے کہا کہ ساحلی علاقے میں دھرم اور ثقافت سے محبت رکھنے والے لوگ کثیر تعداد میں ہیں ۔ ان کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانا بی جے پی کی ایک بری خصلت ہے ۔ پچھلی مرتبہ کی طرح فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے والوں کو یہاں جگہ نہیں ملے گی ۔     اننت کمار ہیگڈے کو اپنے نشانے پر لیتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ چار سال سے عوام کے رابطے میں نہ رہنے  اور اب الیکشن آتے ہی سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے والوں کو عوام اپنے سے دور رکھیں ۔      انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے اسمبلی الیکشن میں گیارنٹیاں دے کر جیت درج کی تھی ۔ جن باتوں کا بھروسہ دیا تھا اسے پورا کرنے کے بعد پورے اعتماد کے ساتھ ہم لوگ پارلیمانی الیکشن میں ووٹ مانگ رہے ہیں ۔ یقین ہے کہ عوام ہمیں بے مثال جیت سے ہمکنار کریں گے ۔ 

    مدھو بنگارپّا نے کہا کہ شیموگہ، اتر کنڑا اور دکشن کنڑا سمیت چھ اضلاع میں پارٹی کو متحد اور مستحکم کرنے کی ذمہ داری مجھے سونپی گئی ہے اور اب میں اسی سلسلے میں سرگرم ہوگیا ہوں ۔ سدا رامیا سرکار نے وعدے کے مطابق اسکیموں کو جاری کیا ہے ۔ گیارنٹی اسکیمیں وضع کرنے والی کمیٹی میں نائب صدر کی حیثیت سے میں شامل تھا ۔ عوام سے رائے پوچھی گئی تھی اور ان کی ضرورتوں کے مطابق گیارنٹی اسکیموں کو لاگو کیا گیا ہے ۔ اب کروڑوں روپے کی اسکیموں کو جاری کرنے میں تھوڑی بہت کمی و بیشی ہونا فطری بات ہے ۔ لیکن ماننا پڑے گا کہ بہت بڑی تعداد میں غریبوں اور کمزوروں کو ان اسکیموں سے فائدہ پہنچا ہے ۔      اس موقع پرکاروارانکولہ  ایم ایل اے ستیش سئیل ،  سرسی ایم ایل اے بھیمنّا نائک، کانگریس ضلع صدر سائی گاونکر، مہیلا کانگریس صدر سجاتا گاونکر، رمانند نائک وغیرہ موجود تھے ۔


Share: