نئی دہلی،24؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتراکھنڈ میں پیش آئے انکتا بھنڈاری قتل معاملہ میں بی جے پی کو بہت سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے حالانکہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے، لیکن لوگوں میں اس بات کو لے کر کافی غصہ ہے کہ بار بار ریسورٹ سے متعلق شکایت کے باوجود بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ (انکتا بھنڈاری قتل معاملہ کا ملزم) کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، ورنہ انکتا آج زندہ ہوتی۔
انکتا بھنڈاری قتل معاملہ میں پارٹی کا نام خراب ہوتا دیکھ کر بی جے پی نے پلکت آریہ کے والد ونود آریہ اور اس کے بھائی انکت آریہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان دونوں کو ہی پارٹی سے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی ریاستی صدر مہندر بھٹ نے اس کارروائی سے متعلق جانکاری دی۔ حکومت نے اتراکھنڈ او بی سی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ سے بھی انکت آریہ کو ہٹا دیا ہے۔
اس درمیان انکتا بھنڈاری قتل معاملہ سے لوگوں میں غصہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ کے ریسورٹ کو نذرِ آتش بھی کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، مقامی لوگوں نے بی جے پی رکن اسمبلی رینو بشٹ کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی کار کے ساتھ توڑ پھوڑ کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی سیکورٹی میں رکن اسمبلی کو وہاں سے نکالا گیا۔