نئی دہلی12اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہشت گردوں کی طرف سے اپنے پروپیگنڈے کے لئے سوشل میڈیا کا وسیع استعمال کرنے اور اس سے نئے خطرات کے ابھرنے کے پیش نظر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ این ڈی اے حکومت انسداددہشت گردی قوانین کو مضبوط کرنے اورڈھانچہ کومضبوط کرنے کیلئے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔”تفتیشی ایجنسیوں پر قومی کانفرنس“سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو سزا دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ایکٹ اور قومی تفتیشی ایجنسی(این آئی اے)ایکٹ کو مضبوط کرنے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کورآپریشن کو قانونی تحفظ دینے، انٹیلی جنس اطلاعات کو ثبوت کے طور پر استعمال کرنے اور دہشت گردی سے جنگ سے منسلک تمام مسائل پر ہم غور کر رہے ہیں۔سنگھ نے کہا کہ دہشت گردوں کی طرف سوشل میڈیا کے وسیع استعمال کے وجہ سے ملک میں نئے خطرے پنپ رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کے باہمی قانونی مدد معاہدوں کے ذریعے حاصل ثبوتوں کو قانونی منظوری دینے کے لئے مجرمانہ معاملے قانون میں باہمی قانونی مدد کے نفاذ پر بھی غور کر رہی ہے۔تاکہ ایسے ثبوتوں کی منظوری کو لے کر کوئی بھی شک نہیں رہ جائے۔سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت دلتوں کی ترقی اور با اختیار بنانے کیلئے مصروفِ عمل ہے۔اور حکومت نے ایسا ماحول بنایا ہے جہاں یہ کمیونٹی کا شکار ہونے کی حالت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پولیس سے رابطہ کر سکتی ہے۔