ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / امریکا، شام پر حملے جاری رکھے: اپوزیشن کا مطالبہ

امریکا، شام پر حملے جاری رکھے: اپوزیشن کا مطالبہ

Fri, 07 Apr 2017 17:25:08    S.O. News Service

بیروت،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شام کی حکومت مخالفت جماعتوں نے جمعہ کے روز امریکا کی جانب سے الشیعرات ائر بیس پر میزائل حملوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایسے مزید حملے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس امر کا اظہار شامی اپوزیشن کے ایک ترجمان نے اپنے تازہ ترین بیان میں کیا ہے۔شام کی انقلابی اور قومی اپوزیشن کونسل کے اتحاد کے میڈیا سیل کے سربراہ احمد رمضان نے ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ شامی اتحاد امریکی حملوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے واشنگٹن سے اس بات کا مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بشار الاسد کے مستقبل میں ایسے حملوں کی صلاحیت معدوم کرنے کی غرض سے ایسے مزید حملوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔احمد رمضان نے دعوی کیا کہ امریکی میزائل حملے کا نشانہ بننے والی ایئر بیس پر دھماکا خیز بیرل بم سمیت کیمیائی مواد والے میزائل تیار کئے جاتے تھے۔ حزب اختلاف کے عہدیدار نے بتایا کہ مہلک ہتھیاروں کو شامیوں کے قتل میں استعمال کیا جاتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے جمعہ کو علی الصباح مشرقی بحیرہ روم سے 59 ٹام ہاک میزائل شام کے ہوائی اڈے پر داغے۔ میزائل حملے میں شامی فضائیہ کے طیاروں اور ایندھن کے اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق حملے میں ایئر بیس کے بنیادی ڈھانچہ اور آلات کو بھی نقصان پہنچا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کے رویے کو کئی بار تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے اپنے لوگوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا جو ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں حملہ امریکی مفاد کے پیش نظر کیا گیا اور صرف ٹارگیٹڈ فوجی کارروائی کا حکم دیا، شام میں جاری خانہ جنگی کے حوالے سے تمام مہذب ممالک سے بات چیت بھی کی گئی لیکن شام نے سلامتی کونسل کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا۔


Share: