کولکاتہ28جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال کے اقلیتی امور اور فنانس کارپوریشن کے کیلنڈر پر سی ایم ممتا بنرجی کی تصویر لگائے جانے سے اٹھا تنازعہ بڑھتاجارہاہے۔حاصل معلومات کے مطابق مغربی بنگال اقلیتی امور اور فنانس کارپوریشن نے ممتا بنرجی کی تصویر کے ساتھ لاکھوں کی تعداد میں کیلنڈر شائع کرا کر تقسیم کئے لیکن مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے یہ کہتے ہوئے ان کیلنڈروں کو اپنے گھروں میں لگانے سے انکار کر دیا کہ کسی زندہ شخص کی تصویر والا کیلنڈر لگانا ان کی روایت کے خلاف ہے۔ایسے لوگوں کا کہنا ہے کہ گھر،مسجد یا مدرسے کی دیوار پر کسی زندہ شخص کی تصویر لگانا کیلئے حرام ہے۔مدرسہ کے استاد اور نان ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رفیق الاسلام کی مانیں تواس کیلنڈر کو گھر یا مدرسے میں نہیں رکھاجا سکتاہے۔وجہ ان کے مذہب کے مطابق جانداروں کی تصویر لگانے کی اجازت نہیں ہے۔تاہم اقلیتی امور اورفنانس کارپوریشن کے چیئرمین اورترنمول کانگریس کے ایم پی سلطان احمدنے معاملے پر صفائی دیتے ہوئے کہا کہ کیلنڈر سب جگہ تقسیم کئے گئے ہیں لیکن اسے لے کر کہیں سے کوئی سوال نہیں اٹھاہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی امور اورفنانس کارپوریشن اقلیتوں کیلئے ہے، صرف مسلمانوں کیلئے نہیں۔بتا دیں کہ ریاست کے اس شعبہ نے اپنے کیلنڈر میں پہلی بار کسی سیاسی شخصیت کی تصویر کو شائع کی ہے۔اس سے پہلے کھادی کے کیلنڈرپر مہاتما گاندھی کی جگہ پرمودی کی تصویرپرتنازعہ اٹھ چکاہے۔