نئی دہلی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )افغانستان نے آج پاک مقبوضہ کشمیر(پی او کے )میں دہشت گرد ی کے ٹھکانوں پر ہندوستان کے سرجیکل حملے کا دفاع کیا اور اسے اپنے دفاع میں اٹھایا گیا قدم قراردیا ۔افغانستان نے پاکستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سخت اور پرخطر فیصلے لینے کا وقت آ گیا ہے۔ہندوستان میں افغانستان کے سفیر شیدا ابدالی نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گرد تنظیموں کے درمیان امتیاز نہیں کرتا اور ان تمام تنظیموں کے خلاف ہے جو دنیا میں کسی بھی ملک کے لیے خطرہ پیدا کرتی ہیں۔ہندوستان کی طرف سے پاک مقبوضہ کشمیر میں نشانہ بناکر کئے گئے حملے پر افغانستان کے رخ کے بارے میں پوچھے جانے پر ابدالی نے ’دی فارن کرسپانڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیا‘میں نامہ نگاروں سے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ کوئی بھی پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال ہونے والے دہشت گردوں کے لیے اپنی سر زمین کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دے گا۔انہوں نے ہندوستان کی طرف سے پاک مقبوضہ کشمیر میں سات دہشت گردی کے ٹھکانوں پر سرجیکل حملے کے تناظر میں کہاکہ اگر دہشت گرد تنظیم بغیر کسی کارروائی کے موجود رہتی ہے تو اس میں کوئی تعجب نہیں کہ ایسی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اپنا دفاع اس کارروائی کے شکل میں ہوگی جیسی ہم نے دیکھی۔