رام اللہ،27ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے سرکاری ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے عاید تجارتی پابندیوں کے باعث رواں سال جولائی کے بعد فلسطینی درآمدات اور برآمدات کے حجم میں نمایاں کمی آئی ہے۔رواں مالی سال میں جولائی اور اس کے بعد سنہ 2015ء کی نسبت درآمدات اور برآمدات میں 13.8فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ سنہ 2015ء اور 2014ء کی نسبت یہ کمی 5 فی صد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رواں سال جولائی کے بعد 67 ملین ڈالر کی درآمدات و برآمدات ہوئی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال جولائی میں اسرائیل کے لیے درآمدات وبرآمدات جون کی نسبت 9.6فی صد کم ریکارڈ کی گئیں جبکہ بقیہ پوری دنیا میں فلسطینی درآمدات وبرآمدات میں 42.6فی صد کمی آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے لیے رواں سال اب تک کل برآمدات کا حجم 91.7فی صد رہا ہے جوکہ پچھلے سال کی نسبت 13.5فی صد کم ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2015ء میں فلسطینی برآمدات کا حجم 377ملین ڈالر تک جا پہنچا تھا۔