ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اری حملہ:مودی نے 1965جیسا غصہ بتایا، فوج پر اعتماد کا اظہار کیا

اری حملہ:مودی نے 1965جیسا غصہ بتایا، فوج پر اعتماد کا اظہار کیا

Mon, 26 Sep 2016 12:05:31    S.O. News Service

نئی دہلی، 25؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اری حملے کو لے کر عوامی ناراضگی کا موازنہ1965کی جنگ کے وقت کے غم و غصہ سے کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ اس دہشت گرد انہ حملے کے لیے ذمہ دار لوگوں کو یقینی طور پر سزا دی جائے گی اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوج بولتی نہیں بلکہ طاقت کا مظاہرہ کرنے پریقین رکھتی ہے۔کشمیر کے لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ امن، اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے اور انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘میں مودی نے اپنی تقریر کا آغاز 18؍ستمبر کو ہوئے اری حملے میں شہید 18جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ بزدلانہ کارروائیاں پورے ملک کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی تھیں ، اس کو لے کر ملک میں غم اور غصہ دونوں ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ یہ نقصان صرف ان خاندانوں کا نہیں ہے جنہوں نے اپنے بیٹے، بھائی اور شوہر کھوئے ہیں، یہ نقصان پورے ملک کا ہے، لہذا آج میں وہی کہوں گا جو میں نے اس دن بھی کہا تھا اور آج پھر دوہراتا ہوں کہ قصورواروں کو ضرور سزا دی جائے گی۔ہندوستانی فوج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ اپنی طاقت سے اس طرح کی تمام سازشوں کو ناکام کر دے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ وہ لوگ ہیں جو ہمت دکھاتے ہیں تاکہ 125کروڑ لوگ پرامن طریقے سے رہ سکیں۔مودی نے کہاکہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔لوگوں اور لیڈروں کو بولنے کا موقع ملتا ہے اور وہ ایسا کرتے بھی ہیں، لیکن فوج بولتی نہیں ہے۔فوج اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتی ہے۔وزیر اعظم نے 11ویں کلاس کے ایک طالب علم کا پیغام پڑھا جس نے اری حملہ کو لے کر غصہ کا اظہار کیا تھا اور اس کو لے کر کچھ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔اس طالب علم نے کافی سوچنے کے بعد یہ عہد لیا کہ وہ روزانہ تین گھنٹے زیادہ پڑھائی کرے گا تاکہ ملک کے لیے اپنی شراکت دے سکے۔


Share: