نئی دہلی،22/مئی (ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن پارٹیوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں - اسی ضمن میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اتوار کو راجدھانی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی- گزشتہ چند ہفتوں میں کجریوال کے ساتھ نتیش کمار کی یہ دوسری ملاقات ہے-
اتوار کو نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مرکزی حکومت جو کچھ کرنے کی کوشش کر رہی ہے وہ عجیب ہے - حکومت کو دیا گیا اختیار کیسے چھینا جا سکتا ہے -سب کو متحد ہونا چاہیے تاکہ ان لوگوں کو روکا جائے جو اپنے طریقے سے آئین سے کھلواڑ کر رہے ہیں -
اروند کجریوال کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اچھا کام کر رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں ہم انہیں اس معاملے پر اپنی حمایت دے رہے ہیں -ہم زیادہ سے زیادہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک ساتھ لانے کی کوشش کر رہے ہیں - باہمی محبت اور بھائی چارہ ہو- عوام میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسے روکا جائے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے -
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے آٹھ دن بعد مرکزی حکومت نے آرڈیننس لا کر اس فیصلے کو پلٹ دیا، جو آئین کے خلاف ہے - اگر تمام اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو جائیں تو اس آرڈیننس کو راجیہ سبھا میں قانون بننے سے روکا جا سکتا ہے - یہ 2024 کا سیمی فائنل ہوگا-
بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ جمہوریت میں منتخب حکومت کو حقوق حاصل ہوتے ہیں لیکن غیر بی جے پی حکومت والی ریاست میں مرکز انہیں پریشان کر رہا ہے -اروند کجریوال کو جن مسائل کا سامنا ہے ہم ان کی حمایت کرنے آئے ہیں - اگر دہلی میں بی جے پی کی حکومت ہوتی تو کیا لیفٹیننٹ گورنر میں ایسا کام کرنے کی ہمت ہوتی؟ دہلی میں بی جے پی کبھی واپس نہیں آئے گی- آپ اروند کجریوال کو جتنا ستائیں گے، وہ اتنے ہی مضبوط ہوں گے - بی جے پی دہلی میں کبھی واپس نہیں آئے گی-
اس موقع پر جنتا دل (یو) کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، آر جے ڈی کے راجیہ سبھا ایم پی منوج جھا،اے اے پی کے ایم پی سنجے سنگھ اور دیگر لیڈر بھی موجود تھے -