ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  ہوناور : ضلع میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال اگر حکومت نہیں کرتی تو پھر منکال وئیدیا اپنے خرچ پر تعمیر کریں گے

 ہوناور : ضلع میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال اگر حکومت نہیں کرتی تو پھر منکال وئیدیا اپنے خرچ پر تعمیر کریں گے

Sun, 24 Jul 2022 13:21:16    S.O. News Service

ہوناور، 24 ؍ جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کی تعمیر کرنے کی ضرورت پر ہر طرف بحث و مباحثہ چل رہا ہے ۔ اس دوران بھٹکل ہوناور حلقہ کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے اعلان کیا ہے کہ اگر ریاستی حکومت اس منصوبے پر توجہ نہیں دیتی تو پھر وہ خود اپنے ذاتی خرچ سے ایسا ہاسپٹل تعمیر کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ 
    
گزشتہ دنوں شیرور ٹول گیٹ پر ہوئے بھیانک حادثے میں ہلاک ہونے والے ہوناور ہاڈگیری کے لوکیش نائک کے گھر پر تعزیت کے لئے جب منکال وئیدیا پہنچے تو مہلوک کے بھائی ناگیش نے ان سے کہا کہ :" مجھے  ذاتی طور پر کسی بھی طرح کی امداد کی ضرورت نہیں ہے ۔ ضلع کے لوگ حادثات میں ہلاک ہو رہے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھگوان آپ کی مدد کرے گا ۔ آپ جیسے ہی ایم ایل اے بن جائیں تو سب سے پہلے ایک جدید ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل تعمیر کروائیں ۔ ہمیں جو تکلیف پہنچی ہے وہ پھر کسی کو نہ پہنچے ۔" اس بات کا جواب دیتے ہوئے منکال نے  کہا کہ حکومت سے اسپتال تعمیر کروانے کی پوری کوشش کروں گا ۔ اگر ممکن نہیں ہوا تو پھر میں خود ہی آگے بڑھوں گا  اور ذاتی خرچے سے اسپتال تعمیر کروں گا۔
    
اس تعلق سے میڈیا والوں سے بات چیت کرتے ہوئے منکال نے کہا کہ ایمبولینس حادثہ، اموات ، دکھ درد ، متاثرہ خاندانوں کا رونا دھونا یہ سب مجھ سے دیکھا نہیں جاتا ۔ ان مسائل کا ایک ہی مستقل حل ہاسپٹل کی تعمیر ہے ۔ اس کے لئے کوشش کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ۔  مجھے یہ بھی پتہ ہے کہ ہاسپٹل کی تعمیر کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے ۔ لیکن چاہے یہ کتنا ہی مشکل کام کیوں نہ ہو، میں ضلع کے لوگوں کی بھلائی  کے لئے  یہ کام ضرور کروں گا۔  
    
اس موقع پر وہاں منجو ناتھ نامی نوجوان موجود تھا جس نے ماضی میں  منکال وئیدیا کی طرف سے دئے گئے مالی تعاون سے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کی تھی اور اب برسر روزگار تھا ۔ اس نے اعلان کیا کہ اگر سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا ضلع  کے لئے جدید ترین ہاسپٹل کی تعمیر کرنے کے لئے آگے بڑھتے ہیں تو وہ اپنی طرف سے اپنی ایک سال کی تنخواہ کا نصف حصہ اس مقصد کے لئے  عطیہ کرے گا ۔ اس نے کہا کہ سابق ایم ایل اے نے اپنے جیسے کئی طالب علموں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے مالی تعاون دیا ہے ۔ اور ان میں سے بہت سارے نوجوان میری طرح برسر روزگار ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ وہ سب منکال کا سپنا پورا کرنے اور ضلع کے لوگوں میں ایک بہترین ہاسپٹل فراہم کرنے کے لئے ان کا ہاتھ بٹائیں گے ۔ 


Share: