ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : سی برڈ ممنوعہ سمندری علاقے میں داخل ہونے والے 2 ماہی گیر گرفتار - 2 فرار

کاروار : سی برڈ ممنوعہ سمندری علاقے میں داخل ہونے والے 2 ماہی گیر گرفتار - 2 فرار

Sat, 03 Sep 2022 12:29:20    S.O. News Service

کاروار،3 ؍ ستمبر (ایس او نیوز) بحری اڈہ سی برڈ کے سخت سیکیوریٹی والے اور عام افراد کے لئے ممنوعہ سمندری علاقہ 'کوڈار' میں ماہی گیری کے لئے داخل ہونے والی کشتی پر سوار 2 افراد کو بحریہ کے افسران نے گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کیا جبکہ مزید 2 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس سرگرم ہوگئی ہے ۔
    
چونکہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب وزیر اعظم کیرالہ کے کوچی اور منگلورو کے دورے پر آئے ہوئے تھے اور سیکیوریٹی کے نقطہ نظر سے پورے ساحلی علاقے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا اس لئے اس واقعہ پر نیوی کے علاوہ کوسٹ گارڈ ، کوسٹل سیکیوریٹی پولیس فورس اور دیگر سیکیوریٹی ایجنسیاں چوکنا ہوگئیں ۔ ممنوعہ علاقے میں ماہی گیروں کی دراندازی کی خبر ملتے ہی اڈپی سے کوسٹل سیکیوریٹی پولیس کے ایس پی اور دیگر اعلیٰ افسران کاروار پہنچ گئے اور گرفتار کیے گئے ماہی گیروں سے پوچھ تاچھ کی ۔ 
    
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ لوگ مقامی ماہی گیر ہیں جن میں سے دو کا تعلق مودگا اور دو کا تعلق بیلے کیری سے ہے ۔ بحری اڈہ کے افسران کا کہنا ہے کہ جب نگرانی کرنے والے کیمرے میں ماہی گیر کشتی دراندازی کرتی ہوئی نظر آئی تو نیوی کے افسران فوراً وہاں پہنچے مگر تب تک ماہی گیر کشتی چھوڑ کر فرار ہونے لگے ۔ نیوی کے افسران نے ان لوگوں کا پیچھا کیا اور ان میں سے دو کو دبوچ لینے میں کامیاب رہے ۔ 
    
سیکیوریٹی ایجنسیوں اور پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے صاف ہوا ہے کہ یہ صرف ممنوعہ علاقے میں ماہی گیری کے لئے داخل ہونے کا معاملہ ہے ۔ یہ لوگ محض ماہی گیری کرتے ہیں ۔ ان کا مقصد کسی قسم کی دہشت گردی یا تخریب کاری نہیں تھا ۔ پھر بھی 2 مفرور افراد کی تلاش اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔


Share: