منگلورو 17/ جون (ایس او نیوز) ماہی گیری ، بندرگاہ و اندرونی بحری نقل و حمل کے وزیر منکال وئیدیا نے جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع کا دورہ کیا اور وہاں پر سرکاری افسران کے ساتھ میٹنگس منعقد کرتے ہوئے سمندری کٹاو کی وجہ سے علاقے کے عوام ، ماہی گیری اور مچھیروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ان مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کا تیقن دیا ۔
دونوں اضلاع میں ضلع ڈپٹی کمشنرس کے دفاتر میں منعقدہ میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اڈپی ضلع میں 40 کلو میٹر تک سمندری کٹاو کا مسئلہ درپیش ہے ۔ جبکہ منگلورو کے سومیشور، الال اور دیگر علاقوں میں سمندری کٹاو سے بھاری نقصان ہو رہا ہے ۔ اس مسئلہ کا مستقل تدارک کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے اپنی تیاری کر لی ہے ۔ اس کام کے لئے رقم کی کوئی کمی نہ ہو اس کا پورا خیال رکھا جائے گا ۔ کہیں بھی تعمیراتی منصوبوں پر عمل در آمد نہیں رکا ہے ۔ ہر جگہ ٹھیکیدار ایسے منصوبوں پر عمل در آمد کر رہے ہیں ۔
وزیر موصوف نے دونوں اضلاع میں افسران کو ہدایت دی کہ ماہی گیروں کو حادثاتی جانی و مالی نقصان کی صورت میں دیا جانے والا معاوضہ گزشتہ ایک سال سے باقی ہے، اسے فوراً جاری کیا جائے ۔ انہوں نے کہا آئندہ ایسی صورتحال درپیش ہوتو ایک مہینے کے اندر متاثرین کو معاوضہ ادا ہو جانا چاہیے ۔ اگر اس میں کوتاہی ہوئی تو اس کے لئے متعلقہ افسران کو ذمہ دار سمجھا جائے گا ۔ مرکزی حکومت کی ماہی گیروں کے لئے انشورنس پالیسی کی رقم سے معاوضہ نہ ملنے پر بھی انہوں نے بے اطمینانی کا اظہار کیا ۔
انہوں نے سمندری کنارے پر سی آر زیڈ قانون کی خلاف ورزی کیے بغیر ماہی گیروں کو آرام کرنے کے کمرے ، بیت الخلاء اور ماہی گیر کشتیاں رکھنے کے لئے شیڈس اور مچھلی خواتین کے لئے شیڈس اور پانی کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی ۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2017-18 میں ماہی گیروں کے لئے مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا تھا اس پر عمل نہیں ہوا ہے ۔ اس مرتبہ ریاستی حکومت نے ضرورت مند مچھیروں کے لئے مکانات تعمیر کروانے کی اسکیم بنائی ہے ۔
منکال وئیدیا نے پانچ سال قبل سوورن تریبھوجا ماہی گیر کشتی کے سمندر میں لاپتہ ہونے کے معاملہ پر کہا کہ اس کی تحقیقات کے بعد کیس کو بند کردیا گیا ہے ۔ اب اگر اس پر میں بولوں گا اس مسئلہ پر سیاست کرنے جیسا ہوگا ۔ متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملنا چاہیے ۔ اگر بوٹ مالک کو انشورنس ملنے میں مسئلہ درپیش ہے تو اسے ٹھیک کرنے کے لئے ریاستی حکومت تعاون کر سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں کشتی خریدنے کے لئے تعاون کیا جا سکتا ہے ۔ اسی طرح اگر ضرورت پڑی تو اس معاملے کی دوبارہ تحقیق اور تفتیش بھی جا سکتی ہے ۔