نئی دہلی،25جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ابھی گزشتہ سال کے آخر میں ہی محمد سمیع اپنی بیوی کی تصاویر شیئر کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر لوگوں کا نشانہ بن گئے تھے۔ان کے اس ٹویٹ پر کافی ہنگامہ مچا تھا،تاہم اس معاملے میں انہیں کرکٹرز اور کئی مشہور شخصیات کی حمایت ملی تھی، جبکہ کچھ تنگ ذہن لوگ ان سے ناراض ہو کر دھمکیاں دینے لگے تھے۔یہ اور بات ہے کہ محمد سمیع پر ان تمام باتوں کا اثر نہیں پڑا اور انہوں نے ان کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکتے ہوئے نئے سال پر ایک بار پھر بیوی کے ساتھ تصویر شیئر کر دی اور ایک بار پھر تنازعہ ہو گیا،اب ایک بار پھر محمد سمیع سوشل میڈیا پر نشانے پر ہیں۔اس بار انہوں نے بیوی نہیں بلکہ ایک کتے کے ساتھ اپنی تصویر شیئرکی۔
محمد سمیع نے فیس بک پر سیکورٹی ٹیم کے ایک کتے کے ساتھ تصویر کھینچ کر اسے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اسٹاک کر دیا، جس کے بعد لوگ انہیں طرح طرح کے مشورے دینے لگے، وہیں کچھ نے انہیں غیر اسلامی قرار دے دیا،کچھ نے ان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے لوگ جب شہرت اور رتبہ حاصل کر لیتے ہیں تو بھول جاتے ہیں کہ مذہب اور رسم ورواج بھی کوئی چیز ہے۔ وہیں کچھ شائقین نے سمیع کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کتوں سے محبت کرنا کوئی گناہ نہیں ہے۔سمیع نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے لیکن ان سب کے درمیان سب سے قابل اعتراض چیز مذہب کے تئیں تعصب اور سوشل میڈیا پر بات بات پر ٹرل کرنے کے واقعات ہیں، جن سے ہر کوئی پریشان ہے۔سمیع سے پہلے عرفان پٹھان اور محمد کیف جیسے کرکٹرز کو بھی مذہبی نصیحتیں مل چکی ہیں۔