نئی دہلی، 6/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کی ڈلہوذی روڈ کا نام تبدیل کرکے دارا شکوہ روڈ کیا جا سکتا ہے۔نئی دہلی کے ساؤتھ بلاک علاقے میں این ڈی ایم سی کے تحت آنے والی اس سڑک کا نام تبدیل کرنے کے لیے پیر کی صبح این ڈی ایم سی میں ایک میٹنگ بلائی گئی ہے۔نئی دہلی لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی ایم پی اوراین ڈی ایم سی کی رکن مینا کشی لیکھی نے یہ تجویز پیش کی ہے کہ ڈلہوذی روڈ کا نام تبدیل کرکے دارا شکوہ روڈ کیا جائے۔میناکشی لیکھی نے دلیل دی ہے کہ مغل بادشاہ شاہجہاں کے سب سے بڑے بیٹے دارا شکوہ نے ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیا تھا، وہ آرٹ اور موسیقی کے بڑے عالم تھے اور انہوں نے اپنی آخری سانس دہلی میں ہی لی، اس لیے ڈلہوذی روڈ کا نام تبدیل کرکے دارا شکوہ روڈ کیا جائے، لیکن عام آدمی پارٹی کے دہلی کینٹ کے ممبر اسمبلی اور این ڈی ایم سی کے رکن کمانڈو سریندر سنگھ نے اس کی مخالفت کی ہے۔سریندر سنگھ کے مطابق،دہلی میں جاٹوں کی کافی زیادہ آبادی ہے اور چاروں طرف سے ہریانہ، راجستھان اور مغربی یوپی ہے، جہاں جاٹوں کی آبادی کافی زیادہ ہے ان کے جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے این ڈی ایم سی روڈ کا نام تبدیل کرنا ہی ہے، تواس کا نام مہاراجہ سورج مل روڈ رکھا جانا چاہیے۔غورطلب ہے کہ اس سے پہلے بھی کچھ ماہ قبل ہی وزیراعظم کی رہائش گاہ والی سڑک کا نام ریس کورس روڈ سے تبدیل کرکے لوک کلیان مارگ رکھ دیا گیا تھا اور2015میں اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کرکے ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام مارگ کردیا گیا تھا۔