بیلگاوی، 12/جون (ایس او نیوز) ایک شخص مشتبہ کیڑے کے کاٹنے سے فوت ہوگیا جب کہ اس کی بیوی اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے.واردات کرناٹک کے ضلع بیلگام کے بیلوہنگل میں ہفتہ کی رات کو پیش آئی تھی مگر آج پیر کو سامنے آئی ہے۔
متوفی کی شناخت سدپا چوٹاگُنڈی (35)کے طور پر کی گئی ہے جو ایک چوکیدار ہے۔ اس کی بیوی ناگوّاا چوٹا گُنڈی(28) کا بیلگام کے اسپتال میں علاج چل رہا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بیلہونگل تعلقہ کے سنیکوپا گاؤں سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ متاثرین کے جسموں پر سانپ کے کاٹنے کے نشانات نہیں ملے ہیں۔ تاہم، مشتبہ کیڑے کے کاٹنے کے نشانات دیکھے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں ایڈمٹ ناگاوا کو سانس لینے میں شدید دشواری ہورہی ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق، اس کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
سدپّا اپنی بیوی، تین بچوں اور ماں کے ساتھ زیر تعمیر عمارت کے احاطے میں ایک شیڈ میں رہتے تھے۔ آدھی رات کو، اس نے اپنی ماں کو بتایا کہ اسے کسی چیز نے کاٹ لیا ہے، پھر وہ واپس سو گیا۔ اچانک اسے سانس لینے میں دشواری پیدا ہو گئی۔ دوسرے چوکیداروں کی مدد سے ماں نے اپنے بیٹے اور بہو کو ایمبولینس میںBIMS اسپتال پہنچایا۔ لیکن سدپّا کو اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا۔ مقامی لوگوں کو شبہ ہے کہ یہ سانپ کے کاٹنے کا واقعہ ہے، لیکن سانپ کے کاٹنے کا نشان نہ پائے جانے سے لوگ تذبذب کا شکار ہیں۔
معاملے کو لے کر بیلگاوی مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔