بھٹکل 23 / جنوری (ایس او نیوز) ایودھیا میں پیر کو رام مندر کے افتتاح کے موقع پر رام مورتی کی تنصیب اور اس میں 'پران پرتشٹھا' (ہندو عقیدے کے مطابق پتھر یا لکڑی کی مورتی میں پوجا اور منتروں کے ذریعے جان ڈالنے کی رسم ) کے موقع پر بھٹکل تعلقہ کے کریکال میں واقع رام دھیان مندر میں پوجا کرنے کے بعد بھٹکل ایم ایل اے اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ :" حقیقی رام بھکتوں کے ساتھ کانگریس اور بی جے پی کا کوئی تعلق ہی نہیں ہے ۔ رام کے بھکتوں کا معاملہ ہی الگ ہے ۔ رام کے معاملے میں کسی کو سیاسی کھیل نہیں کھیلنا چاہیے ۔"
منکال نے کہا :" رام کے معاملے میں اگر سیاست کی جائے گی تو یقینی طور پر رام معاف نہیں کریں گے ۔ رام مندر کی تعمیر کے لئے ہم نے شخصی طور پر تعاون دیا ہے ۔ 1800 کروڑ روپیوں کی لاگت سے رام مندر تعمیر ہوا ہے یعنی کونے کونے سے لوگوں کا پیسہ اس میں لگا ہے ۔ اس لئے رام کے معاملے میں سیاست نہ کی جائے ۔ تاریخ کو سمجھا جائے ۔ میں رام بھکت ہوں ۔ میں نے ایودھیا جانے کے لئے بہت کوشش کی ، لیکن ممکن نہیں ہو سکا ۔ جتنی جلد ہو سکے میں ایودھیا جاوں گا ۔"
وزیر کے این راجنّا نے جو 'خیمے کے اندر رام کا گُڈّا' والا فقرہ کسا تھا اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ کچھ لوگ بھگوان کی مورتیوں کو پتھر کہتے ہیں ۔ ان کا کچھ علاج نہیں ہو سکتا ۔ رام کے تعلق سے اگر انہوں نے برا تبصرہ کیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔ وہ چاہے کسی بھی پارٹی سے کیوں نہ تعلق رکھتے ہوں ۔ جو بھی بھگوان کے خلاف بولے گا میں اس کے خلاف بولوں گا ۔ بتاتے چلیں کہ کے این راجنّا کانگریس پارٹی سے ہی تعلق رکھتے ہیں اور وہ ریاست کے کابینی وزیر ہیں۔