ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکتا بھنڈاری قتل کیس: مقتولہ کو گاہکوں کے جنسی تسکین کیلئے مجبور کئے جانے کا سنسنی خیز انکشاف!

انکتا بھنڈاری قتل کیس: مقتولہ کو گاہکوں کے جنسی تسکین کیلئے مجبور کئے جانے کا سنسنی خیز انکشاف!

Sun, 25 Sep 2022 13:14:53    S.O. News Service

دہرا دون  ، 25؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتراکھنڈ کے مشہور انکتا بھنڈاری قتل کیس کے بارے میں پولیس چیف اشوک کمار نے کہا کہ اس 19 سالہ ریسپشنسٹ پر ریزورٹ کے مالک کی جانب سے گاہکوں کے لیے ’سیکس انجوائے ‘ کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔ خیال رہے کہ اس قتل کیس کا کلیدی ملزم بی جے پی لیڈر ونود آریہ کا بیٹا ہے ،ونود آریہ ماضی میں وزیر مملکت بھی رہ چکے ہیں، تاہم اس کیس میں ان کے بیٹے پلکت آریہ کا نام آنے کے بعد بی جے پی نے اپنی خفت مٹانے کے لیے ونود آریہ کو پارٹی سے نکال دیا ہے ۔

ڈی جی پی کے مطابق لڑکی کی ایک دوست کے ساتھ بات چیت سے خلاصہ ہوتا ہے کہ متاثرہ نے اپنے ایک دوست کو بتایا تھا کہ جس ریزورٹ میں وہ کام کرتی ہے اس کا مالک اور مینیجر اسے ریزورٹ کے مہمانوں کے ساتھ جسمانی تعلقات کے لیے مجبور کر تا ہے ۔ خیال رہے کہ پوڑی کے سری کوٹ کی رہنے والی انکتا گنگا بھوگپور علاقہ کے ون تارا ریزورٹ میں ریسپشنسٹ کے طور پر کام کرتی تھی ، وہ 19 ستمبر سے لاپتہ تھی۔ اس کی لاش جمعہ کی صبح رشی کیش کے چلا نہر سے برآمد ہوئی تھی۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق انکتا کا پوسٹ مارٹم ایمس رشی کیش میں کیا گیا جس کے بعد مقتولہ کی لاش اہل خانہ کو سونپ دی گئی ۔پولیس نے انکتا بھنڈاری کے قتل کے الزام میں تین ملزمان ریزورٹ آپریٹر پلکت آریہ، منیجر سوربھ بھاسکر اور اسسٹنٹ منیجر انکت گپتا کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس قتل کیس کا مرکزی ملزم پلکت آریہ ہری دوار کے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کا بیٹا ہیں ونود آریہ گزشتہ دنوں اترا کھنڈ کے وزیر مملکت بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم اس کیس میں بیٹے کا نام آنے کے بعد بی جے پی نے ونود آریہ کو پارٹی سے نکال باہرکر دیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران پہلے تو ملزمان ٹال مٹول کرتے رہے اور پولیس کو الجھانے کی کوشش کرتے رہے، تاہم جب سختی سے پوچھنے پر انہوں نے انکتا کو قتل کرنے اور اس کی لاش چلا نہر میں پھینکنے کی بات قبول کرلی ۔دوسری جانب اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس گھناؤنے جرم کو انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ دھامی نے کہا کہ جس نے بھی یہ جرم کیا ہے اسے سخت سزا دی جائے گی۔


Share: