بھٹکل میں چوری کی ایک اور کوشش؛ گھر میں رقم اور زیورات نہ ہونے کی وجہ سے چوروں کو لوٹنا پڑا خالی ہاتھ؛ الماریوں کو نقصان
بھٹکل 18/ ستمبر (ایس او نیوز) یہاں مدینہ کالونی میں مدینہ جمعہ مسجد کے بالقابل واقع مرحوم سید امجد برماور کے مکان الامان میں چوروں کو اُس وقت خالی ہاتھ لوٹنا پڑا جب گھر کا دروازہ سمیت الماریوں کے دروازے توڑنے کے بعد بھی چوروں کو کچھ بھی قیمتی مال ہاتھ نہیں لگا۔
بتایا گیا ہے کہ گھر مالکن قریب ایک ماہ سے دبئی میں اپنی بیٹی کے ساتھ تھی، آج صبح جیسے ہی وہ اپنے مکان پہنچی اور گیٹ کھول کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ دروازہ پہلے سے ہی کھلا ہوا ہے۔ اندر جانے پر پتہ چلا کہ الماریوں کے دروازوں کو بھی توڑ کر کھولا گیا ہے اور پورا سامان بکھرا پڑا ہے۔
گھر کے داخلی دروازے کو شدید نقصان پہنچاکر دروازے کو کھولا گیا ہے، جبکہ الماریوں کے بھی دروازے توڑ کر کھولے گئے ہیں۔ مگر چونکہ بھٹکل میں دن بدن چوری کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں، اس لئے گھر والوں نے اپنا قیمتی سامان دبئی جانے سے پہلے اپنے قریبی رشتہ دار کے ہاں چھوڑ کر گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ سب محفوظ رہ گئے۔
مرحوم سید امجد برماور کے بھائی جناب سید محی الدین برماور نے اس تعلق سے بھٹکل ٹائون پولس تھانہ میں کیس درج کرلیا ہے اور پولس چھان بین کررہی ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل بھٹکل حنیف آباد میں جناب مزمل برماور کے مکان پر بھی چوری کی ناکام کوشش کی گئی تھی اور چوروں کو گھر میں کچھ نہ ملنے کی وجہ سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔