ہرمن پریت کی کپتانی اننگز ؛ ہندوستانی خاتون ٹیم نے دی سری لنکا کو شکست ؛ پانچ میچوں کی سریز میں شاندار کامیابی
کاتونائکے(سری لنکا) ،25؍ ستمبر (آئی این ایس انڈیا؍ ایس او نیوز) کپتان ہرمن پریت کور کی طوفانی نصف سنچری کی مدد سے ہندوستانی خاتون ٹیم نے منگل کو یہاں پانچویں اور آخری ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں میزبان سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 4-0 سے جیت لی۔
ہرمن پریت نے 38 گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 63 رن بنائے اور نوجوان جیمما روڈرگس (31 گیندوں پر 46 رن) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 75 رن جوڑ کر ٹیم کو ابتدائی جھٹکوں سے نکالا۔یہ شراکت ٹوٹنے کے بعد حالانکہ ہندوستانی اننگز بکھر گئی اور پوری ٹیم 18.3 اوور میں 156 رن پر آؤٹ ہو گئی۔لیکن ششی کلا سریوردھنے اور انوشی پریدرشنی نے نہایت بہترین گیند بازی کرتے ہوئے تین تین وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو واپسی دلائی۔
سری لنکائی بلے بازوں کے لیے یہ ہدف کافی چیلنج بھراتھا۔ہندوستانی گیند بازوں نے بھی کفایتی گیند بازی کی اور سری لنکا کی پوری ٹیم کو 17.4 اوور میں 105 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
سری لنکا کی جانب سے انوشکا سنجیونی نے سب سے زیادہ 29 رن بنائے۔لیگ اسپنر پونم یادو ہندوستان کی سب سے زیادہ کامیاب بولر رہی۔انہوں نے 18 رن دے کر تین وکٹ لئے۔آف اسپنر پرتیبھا شرما (18 رن دے کر دو) اور بائیں ہاتھ کی اسپنر رادھا یادو (14 رن دے کر دو) نے ان کا اچھا ساتھ دیا۔ہندوستان اس طرح سیریز کے تمام میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ہندوستان نے ون ڈے سیریز میں بھی 2-1سے جیت درج کی تھی۔