مسلسل تنقید کے بعد یوگی حکومت کو آگیا ہوش ؛ تاج محل کو ملی سرکاری کلینڈر میں جگہ
لکھنو، 18؍اکتوبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تاج محل کو لے کر چوطرفہ تنقید کے بعد بیک فٹ پر آئی بی جے پی نے اب ڈیمیج کنٹرول کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ جہاں گزشتہ روز وزیر اعلی یوگی آدتیہ نے آگرہ کے دورہ کا اعلان کرکے معاملہ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ، وہیں دوسرے دن اب سرکاری کلینڈر میں تاج محل کی تصویروں کو جگہ دیدی گئی ہے۔اترپردیش حکومت کے ریاستی انفارمیشن اور پبلک رلیشن محکمہ نے 17 اکتوبر کو جاری کئے گئے ہیریٹیج کلینڈر 2018 میں جولائی ماہ کے پیج پر تاج محل کو جگہ دیتے ہوئے وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی تصویر بھی لگائی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس سے وابستہ منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ متنازع اور اشتعال انگیز بیانات کیلئے معروف بی جے پی لیڈر سنگیت سوم کے ذریعہ تاج محل کو ملک کیلئے ایک دھبہ بتائے جانے کے بعد سے ہی بی جے پی چوطرفہ تنقید کی زد میں ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں سمیت سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کی جم کر فضیحت ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق مرکزی اعلی کمان ممبر اسمبلی سنگیت سوم کے بیان سے کافی ناراض تھا اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی کرکری ہورہی تھی ، جس کے بعد ریاستی قیادت کو جلد ہی ہوش آگیا اور انہوں نے ہیری ٹیج کلینڈر میں تاج محل کو جگہ دیتے ہوئے ایک حد تک عوام کے غصے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ہے۔