پنجاب:لدھیانہ میں ٹول پلازہ کے پاس 30کروڑ روپے کی ہیروئن برآمد، ایک گرفتار
چنڈی گڑھ، 23؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )پنجاب کے لدھیانہ ضلع کے لادھووال ٹول پلازہ کے پاس ریونیوخفیہ ڈائریکٹوریٹ(ڈی آئی آر)کے حکام نے30کروڑروپے کی چھ کلو گرام ہیروئن برآمد کرنے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ڈی آئی آر کے ایک افسر نے کہا کہ ماکھن سنگھ کے پاس مبینہ طور پر یہ منشیات تھی ۔وہ جمعہ کو ٹرک سے نئی دہلی سے امرتسر جا رہا تھا، جہاں اسے ہیروئن دستیاب کراناتھا۔افسر نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر ٹرک کو لادھووال ٹول پلازہ کے قریب روکا گیا اور ماکھن سنگھ کے پاس سے مبینہ طورپرچھ کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ماکھن سنگھ نے شکرقندسے لدے ایک ٹرک سے لفٹ لیا تھا۔ٹرک ڈرائیور کو چھوڑ دیا گیا ہے، کیونکہ وہ جرم میں شامل نہیں ہے۔افسر نے کہا کہ این ڈی پی ایس قانون کے تحت ملزم کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات چل رہی ہے۔