جیت ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے : رابرٹ واڈرا
نئی دہلی،10 ؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بیرون ملک میں جائیداد کی خریداری سے منسلک مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں ی ڈی کی جانچ کا سامنا کر رہے رابرٹ واڈرا نے اتوار کو کہا کہ سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ای ڈی نے مسلسل تین دن واڈرا سے پوچھ گچھ کی تھی۔واڈرا نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ اس گھڑی میں پورے ملک سے میری حمایت میں پہنچے دوستوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
کانگریس صدر راہل گاندھی کے بہنوئی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی سیکرٹری جنرل پرینکا گاندھی کے شوہر واڈرا سے ای ڈی نے ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن تقریباً آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔
واڈرا نے کہاکہ میں ٹھیک ہوں اچھا ہوں اور کسی بھی حالات سے نمٹنے کے لئے تیارہوں۔سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔ای ڈی نے واڈرا سے سات اور آٹھ فروری کو بھی پوچھ گچھ کی تھی۔جمعرات کو جہاں ان سے ساڑھے پانچ گھنٹے پوچھ گچھ ہوئی تو وہیں جمعہ کو ای ڈی نے واڈرا سے تقریباًنو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔واڈرا نے اپنے خلاف لگے الزامات سے انکار کیا ہے۔