پرانی قیمت پر لوٹ آئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمت ، ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد بھی کوئی راحت نہیں
نئی دہلی ،15؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کچھ دن پہلے ہی مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل میں ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مرکز کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل پر سے ایکسائز ڈیوٹی 1.50 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ایک روپے کی راحت تیل کمپنیوں نے دی تھی۔ جس سے مجموعی طور پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کی چھوٹ ملی تھی۔ اس کے بعد ریاستی حکومتوں نے بھی ویٹ کم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹرتک کی کمی آ گئی تھی۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں مسلسل بڑھ رہے خام تیل کی قیمتیں مودی حکومت کا پیچھا نہیں چھوڑنے والی ہیں۔ جس دن سے مرکزی حکومت کی جانب سے راحت کا اعلان کیا گیا ہے اس کے بعد سے بھی مسلسل قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جس دن مرکزی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کیا تھا، اس کے اگلے دن دہلی میں 72.95 کولکتہ میں 74.80، ممبئی میں 77.45 چنئی میں 77.11 روپے فی لیٹر تھے۔ وہیں بات کریں پٹرول کی تو دہلی میں 81.50، کولکاتا میں 83.30، ممبئی میں 86.97، چنئی میں 84.70 روپے تھی ۔ آج ڈیزل کی قیمتوں میں 8 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں آج ڈیزل کے دام 75.46 روپے فی لیٹر اور ممبئی میں 79.11 روپے فی لیٹر ہے۔
وہیں پٹرول کی قیمتوں میں اتوار کے مقابلے میں میں آج کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ اس حساب سے پٹرول کی قیمت دہلی میں 82.72، کولکتہ میں 84.54، ممبئی میں 88.18 اور چنئی میں 85.99 روپے فی لیٹر ہے ۔