بشن سنگھ بیدی نے روندر جڈیجہ کی تعریفوں کے پل باندھے
نئی دہلی،22؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا)حال ہی میں آئی سی سی ٹیسٹ بالر رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچے ہندوستانی اسپنر رویندر جڈیجہ کی سابق قدآور ہندوستانی اسپنر بشن سنگھ بیدی نے جم کر تعریف کی ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کی کامیابی میں جڈیجہ کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڈیجہ اور اشون کا موازنہ کرنا مشکل ہے۔بیدی کے الفاظ میں جڈیجہ ایک بڑے کھلاڑی کے طور پر ابھر کر آئے ہیں، وہ اچھی بالنگ کر رہے ہیں اور بلے بازی میں بھی ان کی شراکت حیرت انگیز رہی ہے، وہ روچندرن اشون کے نزدیک پہنچ رہے ہیں، دونوں ہی کھلاڑی ایک دوسرے کو تعاون کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کر رہے ہیں اس لئے ان میں کوئی موازنہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پونے میں آسٹریلیا کے خلاف ہوئے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹیم انڈیا نے وہاں سے زبردست واپسی کرتے ہوئے بنگلور میں ہوئے دوسرے ٹسٹ کو جیت کر سیریز میں برابری کر لی۔رانچی میں ہوئے تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستانی بلے باز چتیشور پجارا اور رددھمان ساہا کی مضبوط شراکت داری نے مہمان ٹیم کو پیچھے دھکیل دیا تھا لیکن آخری دن کنگارو میچ بچانے میں کامیاب رہے۔ اس میں ان کے بلے باز شان مارش اور پیٹر ہیڈسکامب کی اہم شراکت تھی۔