پتور:ڈکیتی کے 16معاملات میں ملوث 6خطرناک چوروں کی ٹولی گرفتار
پتور،19؍اگست (ایس او نیوز)آدھی رات کے وقت ایک پارک کیے گئے آٹورکشہ میں موجود 6لوگوں کو پولیس نے شک کی بنیاد پر اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ یہ ایک خطرناک چوروں کی ٹولی ہے۔
کہتے ہیں کہ سمپیا پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹرعبدالقادر اور دیگر عملہ گشت پر تھا تو ان کا سامناکلّار پے بس اسٹانڈ کے قریب رکشہ میں بیٹھی ہوئی اس ٹولی سے ہوا جس میں محمد اشرف (31سال)،انصار علی (37سال)،حذیفہ (26سال)،محمد صادق (19سال)،محمد توفیق (20سال) اور رفیق (20سال) شامل تھے۔ ان سے پوچھ تاچھ اور تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک لوہے کی سلاخ، ہیاک سا بلیڈ اور2اسکریو ڈرائیورس ملے جس کے سہارے وہ کسی جگہ چوری کی واردات انجام دینے کے لیے موقع کا انتظار کررہے تھے۔
پولیس کی تفتیش کے دوران اشرف کے پاس سے دلشان بانو نامی خاتون کے گھر سے چوری کیا گیا ایک ووٹر آئی ڈی برآمد ہواتو پولیس کا شک اور زیادہ ہوگیا اور انہوں نے سختی کے ساتھ تحقیق کی تو پتہ چلا کہ یہ ٹولی چوری اور ڈکیتی کے کم از کم 16معاملات میں ملوث ہے۔جس میں سے اشرف نامی ملزم 12معاملات میں براہ راست ملوث رہا ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کے قبضے سے ایک مہاراشٹرا رجسٹریشن والی انووا کار،ایک آٹو رکشہ،ایک موٹر بائک، دو لیپ ٹاپس، دو ٹی وی سیٹس ،ایک استری اور ۶ موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں۔