بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود محمد حفیظ نمبر ون
دبئی ،20؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے سری لنکا کیخلاف تیسرے میچ میں بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود پاکستان کا جھنڈا ’’گاڑ‘‘ دیا ہے اور پاکستان کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق محمد حفیظ نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کر کے ناقدین کے منہ بند کر دئیے ہیں۔ اس فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز چوتھے، انگلینڈ کے بین سٹوکس پانچویں، آسٹریلیا کے جیمس فالکنر چھٹے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر ساتویں، انگلینڈ کے معین علی آٹھویں، آسٹریلیا کے مچل سٹارک نوویں اور انگلینڈ کے کرس ووکس دسویں نمبر پر ہیں۔آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں ناصرف آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پاکستانیوں کی دھاک بٹھائی ہے بلکہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں مکمل کرنے والے حسن علی نے بھی بولروں کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کیا ہے۔