آزادی کپ: پاکستان نے ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست دے دی
لاہور،16؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آزادی کپ کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست دے کر سیریز 2۔1 سے جیت لی ہے۔ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پاکستان کے 183 رنز کے جواب میں ورلڈ الیون کو پہلا نقصان اوپنر تمیم اقبال کی صورت میں ہوا جنھیں عثمان خان نے آؤٹ کیا۔ انھوں نے 10 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے تھے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کٹنگ تھے جو فقط پانچ رنز بنا پائے جبکہ اگلی ہی گیند پر ہاشم آملہ کو رن آؤٹ ہوگئے وہ 21 رنز بنا پائے۔چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جارج بیلی تھے جو تین رنز بنا پائے۔ڈوپلیسی 13 رنز بنا پائے انھیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔ورلڈ الیون کو چھٹا نقصان پریرا کے آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوا۔ انھیں رومان ریئس کی بال پر بابر اعظم نے کیچ آؤٹ کیا۔ انھوں نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ڈیوڈ ملر نے 32 رنز بنائے تھے جب انھیں حسن علی کی بال پر بابر اعظم نے کیچ آؤٹ کیا۔