بابری مسجد کی تعمیر نو کیلئے 5دسمبر کو جنترمنتر پردھرنا
نئی دہلی،4؍دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) بابری مسجد کو اس کی جگہ پر تعمیر نو کرنے پرمرکزی حکومت پر دباؤ دالنے کے لئے5دسمبر کو جنتر منتر پر دھرنا دیا جائے گا جس میںآل انڈیاتنظیم علمائے حق کے قومی صدر مولانا اعجاز عرفی قاسمی بابری مسجد کے بارے میں اہم خطاب کریں گے ۔
یہ اطلاع آل انڈیا بابری مسجد تعمیر نو کمیٹی کے صدر یونس صدیقی نے دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ6دسمبر کو کارسیوکوں کے ذریعہ دن دہاڑے بابری مسجد کو شہید کردیا گیا تھا اور حکومت نے اس کے خلاف اور بابری مسجد کے حق میں قرار داد بھی پیش کی تھی جس میں تعمیر نو کا عہد کیا گیا تھا لیکن اب تک حکومت نے اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے اور اس کے برعکس اس وقت شدت پسند بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر پر آمادہ نظر آرہے ہیں جو نہ صرف سپریم کورٹ کی توہین ہے بلکہ آئین کے بھی خلاف ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بابری مسجد سے تمام مسلمانوں کی وابستگی ہے اور مسلمان کسی قیمت پر اس سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مسلمان اس کا سودا کرنے پر آمادہ ہیں لیکن مسلمان کسی قیمت پر اس کو قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے بابری مسجد کی شہادت کو سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ سے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب داؤ پر لگ گئی ہے اور پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا اعجاز عرفی قاسمی کے علاوہ دیگر سرکردہ شخصیات اور سماجی کارکن بھی اس دھرنے میں حصہ لیں گے ۔