الحاج قمرالاسلام کی وفات پرمولانااسرارالحق قاسمی کااظہارتعزیت
نئی دہلی،19؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عالم دین وممبرپالیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے کرناٹک کے معروف سیاسی رہنمااورگلبرگہ سے ممبراسمبلی الحاج قمرالاسلام کے انتقال پر اپنے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ مرحوم ایک سرگرم سیاسی رہنماہونے کے ساتھ مسلمانوں کے ملی مسائل سے بھی دلچسپی رکھتے تھے اور انھوں نے مختلف موقعوں پرقومی و ملی بیداری کاثبوت دیا۔مولاناقاسمی نے کہاکہ میرے ان سے ذاتی تعلقات تھے اور وہ سماجی و انفرادی زندگی میں بھی ایک خوش اخلاق،سادہ مزاج اور مخلص انسان تھے ،انھوں نے سیاسی محاذ پربھی ہمیشہ مسلمانوں کی خیر خواہی و فلاح کے بارے میں فکرمندی کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے جنوبی ہند کے مسلمانوں کی سماجی و تعلیمی فلاح و بہبود کے لئے قابل قدر کوششیں کیں اور ہمیشہ عوام کے کام آتے رہے۔ممبراسمبلی ہونے اور مختلف موقعوں پر صوبائی حکومت میں اہم عہدے پرفائزہونے کے ساتھ ملک کے اہم ملی اداروں سے بھی ان کی وابستگی رہی اورانہوں نے ہر پلیٹ فارم سے مسلمانوں کی خدمت کی۔مولاناقاسمی نے ان کی وفات کوجنوبی ہند کے مسلمانوں کے ساتھ پورے ملک کا خسارہ قرار دیا اور کہاکہ آج کے دور میں ان کے جیسے مخلص اور کام کرنے والے سیاسی لیڈران کاہمارے بیچ سے اٹھ جانا نہایت افسوسناک ہے۔واضح رہے کہ الحاج قمرالاسلام نے سرگرم سیاسی سماجی زندگی گزاری،وہ گلبرگہ سے چھ بار ایم ایل اے منتخب ہوئے،ایک بار لوک سبھا الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کی،صوبے کے کابینی وزیر اور کرناٹک کانگریس کے انچارج کی حیثیت سے بھی انہوں نے اہم خدمات انجام دیں۔عوامی خدمات اورلوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے مخلصانہ کوششیں کرنے کی وجہ سے انہیں ہرطبقے میں مقبولیت حاصل تھی اور وہ ایک ہر دلعزیزسیاسی رہنما تھے۔ مولانااسرارالحق قاسمی نے مرحوم کے انتقال کی خبر ملتے ہی ان کے اہل خانہ سے بہ ذریعہ فون اظہار تعزیت کیااوران کے جملہ ورثاء کے لئے صبر جمیل کی دعاء کی ہے۔