لیگ مرحلے کی شکست کا فائنل میں کارکردگی پر اثر نہیں پڑے گا: کرن شرما
بنگلور،20؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ممبئی انڈینس کے کرن شرما کو یقین ہے کہ لیگ مرحلے میں رائزنگ پونے سپرجائنٹس سے تینوں لیگ میچوں میں ملی شکست کا آئی پی ایل فائنل میں ان کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔کرن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم فائنل کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، لیگ مرحلے کی شکست اب ماضی کی بات ہے۔ ممبئی کو لیگ مرحلے میں تینوں میچوں میں پونے نے شکست دی تھی۔ہربھجن سنگھ پر ترجیح ملنے کے بعد آخری الیون میں جگہ بنانے والے ریلوے کے لیگ بریک بالر نے کہا کہ فیصلہ لینا ان کے ہاتھ میں نہیں تھا اور وہ صرف اپنی کارکردگی اور ٹیم کی جیت پر توجہ دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے، ٹیم کو میری ضرورت تھی اور میں اچھی بولنگ کرکے جیت میں اہم کردار نبھانا چاہتا تھا، میں جب نہیں کھیلتا ہوں، تب بھی کافی محنت کرتا ہوں۔