ترواننتھاپورم19؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی) کیرالہ میں ہفتہ کے روز سیلاب سے 33 مزید افراد ہلاک ہو گئے اور مہلوکین کی کل تعداد بڑھ کر 357 تک پہنچ گئی ہے۔ سیلاب متاثرین 680247 لوگ راحت کیمپوں میں رہنے کو مجبور ہیں۔ حالانکہ آج بارش سے راحت ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے بعد ریسکیو آپریشن میں تیزی آنے کی امید ہے۔ اس درمیان مرکزی حکومت سے لے کر تمام ریاستوں کی حکومتیں کیرالہ کی مدد کے لئے آگے آئی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سیلاب سے متاثر کیرالہ کو 500 کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے تمام مہلوکین کے لواحقین کے حق میں پرائم منسٹر رلیف فنڈ سے 2-2 لاکھ روپے دینے اور شدید طور پر زخمی لوگوں کو 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی حکومت کے علاوہ کئی ریاستوں نے بھی کیرالہ کو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ نے 25 کروڑ، مہاراشٹر نے 20 کروڑ، اترپردیش نے 15 کروڑ، اتراکھنڈ نے 5 کروڑ، تمل ناڈو نے 5 کرورڑ، گجرات نے 10 کروڑ، جھارکھنڈ نے 5 کروڑ، مدھیہ پردیش نے 10 کروڑ، اوڈیشہ نے 5 کروڑ، بہار نے 10 کروڑ، ہریانہ نے 10 کروڑ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے 2 کروڑ کی مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔