میں کسی بھی وقت کابینہ میں توسیع کے لئے تیار : کمار سوامی
بنگلورو،19؍دسمبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ ریاستی کانگریس قائدین جب بھی کہیں گے وہ وزارت میں توسیع کے لئے تیار ہیں۔
آج بلگاوی میں ریاست میں حکمران اتحاد کی رابطہ کمیٹی کے چیرمین سدرامیا کے اس اعلان پر کہ کابینہ میں توسیع 22 دسمبر کو ہوگی، وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 22 دسمبر کو سدرامیا کی ہدایت کے مطابق وہ کابینہ میں توسیع کے لئے تیار ہیں۔
آج کانگریس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں 50 سے زائد اراکین لیجسلیچر کی غیر حاضری کے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ مخلوط حکومت میں شامل سینئر فریق کانگریس کی طرف سے اس کے کوٹے میں آنے والی وزارتوں کو پر کرنے کے لئے جب بھی کہا جائے گا وہ تیار رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جلد ہی وہ اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سدرامیا سے ملاقات کرکے کابینہ میں توسیع کے مختلف پہلوؤں کو قطعیت دیں گے۔