منڈیا لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی ایس کے امیدوار :ڈی کے شیوکمار
بنگلورو،26؍فروری (ایس او نیوز) منڈیا لوک سبھا حلقہ سے جے ڈی ایس کے رکن پارلیمان نمائندگی کررہے ہیں۔ اس لئے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھی منڈیا سے جے ڈی ایس کے امیدوار ہی انتخاب لڑیں گے۔ یہ بات وزیرآبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہی۔
ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج کرشنا بائرے گوڈا کی سرکاری رہائش گاہ میں ناشتہ کی دعوت میں شرکت کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ سینئر اداکارہ سمالتا امبریش سیاست میں آئی ہیں تو ان کے لئے بے شمار مواقع ہیں، ان کو راضی کرنے کی کوشش ہمارے قائدین کریں گے۔ کارکن دباؤ ڈال سکتے ہیں لیکن اداکارہ کے ساتھ ہمارے قائدین پہلے بات کریں گے۔ حمایتیوں کو بھی سمجھائیں گے۔ سمالتا کو حالات سے واقف کروایاگیاہے۔ یلہنکا ایر بیس کے پارکنگ لاٹ میں پیش آئے آگ حادثہ کی راست ذمہ داری ایڈی یورپا نے حکومت پر عائد کی ہے، اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لگتا ہے کہ ایڈی یورپا کی عقل کام نہیں کررہی ہے۔ ایر شو محکمہ دفاع کا پروگرام ہے تو ریاستی حکومت پر الزام کیسے لگا سکتے ہیں۔ پروگرام میں شرکت کے لئے وزیراعلیٰ کو مدعو کیاگیا تھا، اس لئے وہ گئے۔ ایڈی یورپا سینئر قائدین ہیں۔ تنقید کرتے وقت ان کو مکمل معلومات سے واقف ہونا چاہئے۔ بی جے پی رکن پارلیمان شوبھاکرندلاجے نے کہاتھا کہ آتشزنی واقعہ کا پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ سے تعلق ہے، اس پر انہوں نے کہاکہ مرکز میں محکمہ صحت و وزیر صحت ہیں وہاں جاکر شوبھا اپنا علاج کروائیں۔ نائب وزیراعلیٰ جی پرمیشور کے بیان پر شیوکمار نے کہاکہ ہماری پارٹی میں دلتوں کو مناسب مقام دیاگیا ہے اور یہ سارے ملک میں مثالی ہے۔ ایس سی ایس ٹی ایکٹ ہماری ریاست میں جاری کیاگیا ہے۔ دلت طبقہ سے ملیکارجن کھرگے پارلیمان میں کانگریس پارٹی کے قائد اور ریاست میں پرمیشور کو نائب وزیراعلیٰ بنایاگیا ہے۔ اس کے علاوہ دلت طبقہ کے ذیلی طبقہ کے قائدین کو بھی مناسب عہدے دیئے گئے ہیں۔