ملک بھرمیں معروف کافی آؤٹ لٹ کی چین ’’کیفے کافی ڈے‘‘ پرانکم ٹیکس کے چھاپے
بنگلورو،21؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)محکمہ انکم ٹیکس نے آج ملک بھرمیں معروف کافی آوٹ لٹ کی چین ’’کیفے کافی ڈے ‘‘پرچھاپے مارے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے بتایاکہ یہ چھاپے بشمول بنگلوروکے پاش علاقہ یوبی سٹی کامپلکس میں واقع دفتر کے علاوہ ،ممبئی، چنئی، چکمگلور ملک میں 20مقامات پرواقع سی سی ڈی کے مراکز پر کئے گئے ۔سی سی ڈی حال ہی میں بی جے پی میں شامل کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کے داماد وی جی سدھارتھ کی ملکیت ہیں۔ سدھارتھ سی سی ڈی کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائرکٹر بھی ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ سی سی ڈی چکمگلور میں قائم سدھارتھ کے کافی باغات سے کافی کے بیج حاصل کرتی ہے ۔ سدھارتھ ایک سرمایہ کاربھی ہیں اور انفارمیشن کمپنیوں بشمول 'مائنڈٹری' میں بڑی حصہ داری بھی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ملک بھرمیں کافی کے بیجوں کی بہت بڑے برآمدکنندہ بھی ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے بتایاکہ یہ چھاپے سدھارتھ پر غیر محسوب دولت اکھٹا کرنے کے الزامات کے تحت کئے گئے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے سی سی ڈی گروپ کے دفاتر اور اس گروپ کی جانب سے چکمگلورمیں چلائے جانے والے لکژری ریسارٹس اور ہاسن میں کافی کے بیجوں کے مراکز پر بھی چھاپے مارے ۔