اپنی ہی حکومت کیخلاف ہندو تنظیمیں سراپا احتجاج،دال میں کچھ ’کالا‘ ہے عدلیہ پر بھی تنقید سے گریز نہیں
نئی دہلی:9/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی مانگ کو لے وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ہزاروں کارکن رام لیلا میدان میں جمع ہوئے۔ اس ریلی کی مدد سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے ٹھیک پہلے مودی حکومت پر رام مندر کو لے کر آرڈیننس لانے کا دباؤ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رام لیلا میدان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس کے لیڈر بھیا جی جوشی نے ایک طرح سے مودی حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رام مندر کی بھیک نہیں مانگی جا رہی ہے، حکومت کو قانون بنانا چاہیے۔آر ایس ایس کے لیڈر بھیاجوشی نے اپنے خطاب میں سپریم کورٹ پر بھی تبصرہ کرنے سے گریز نہ کیا کہ ’’عدالت کی ساکھ بنی رہنی چاہئے‘‘۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے ایودھیا تنازعہ پر سماعت کے لیے جنوری تک کے لئے ٹال دیا تھا۔ بھیاجی جوشی نے کہا کہ عدالت کو لوگوں کے جذبات کا ’’احترام‘‘ کرنا چاہئے۔ آر ایس ایس لیڈر نے کہا کہ جس ملک میں نظام عدل، عدالت کے تئیں بے اعتمادی ہو اس کی تخلیق نو ممکن نہیں، اس پر بھی عدالت غور کرے۔ویسے تو ریلی وی ایچ پی کی تھی لیکن آر ایس ایس نے بھی اسی بہانے ایودھیا تنازعہ پر اپنے آشیرو اد سے قائم مودی حکومت کو ایک سخت پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ بھیا جی جوشی نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ مندر وہیں بنائیں گے، اب قرارداد پورا کرنے کا وقت آ گیا ہے، بغیر ہچکچاہٹ کے انہیں اسے پورا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر جدوجہد ہی کرنا ہوتا تو اتنی دیر راہ نہیں دیکھتے، اسے فرقہ کی نظر سے نہ دیکھیں، مندر کی تعمیر مستقبل میں نام نہاد رام راج کی بنیاد بنے گا۔ بھیا جی جوشی نے اپنی تنظیم کے منشور کا ایک بار برملا اظہار کیا اور کہا کہ ملک پر حملہ کرنے والوں کے ’نشانات ‘مٹنے چاہئے۔ واضح ہو کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے کچھ دن پہلے وشو ہندو پریشد کی ریلی میں اتوار کو ہزاروں مبینہ رام بھکتوں نے ایودھیا میں رام مندر بنانے کے مطالبات کے ساتھ رام لیلا میدان میں جمع ہوئے۔ اس ریلی کے ذریعے وی ایچ پی یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ اگر ضرورت پڑے تو مرکزی حکومت کو رام مندر کی تعمیر کے لئے قانون بنانا چاہیے۔ ٹریفک پولیس نے ریلی کو دیکھتے ہوئے راستے تبدیلی کا مشورہ جاری کیا ہے۔ مشورہ میں کہا گیا ہے کہ رنجیت سنگھ فلائی اوور (گرو نانک چوک سے بارہ کھمبا روڈ)، جے ا یل این مارگ (راج گھاٹ سے دہلی گیٹ) اور وی آئی پی گیٹ چمن لال راستے پر گاڑیوں کے ٹریفک کی اجازت نہیں ہے۔رام لیلا میدان میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور اونچی جگہوں پر اسپائنر تعینات کئے گئے ہیں۔ اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے وی ایچ پی نے لوگوں کے گھر گھر جا کر مہم چلائی تھی ۔