فلور ٹیسٹ ٹلنے کے خدشہ سے کانگریس ۔جے ڈی ایس نے بوپیا کے خلاف نہیں دی توجہ
نئی دہلی19 مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) کرناٹک اسمبلی کے عارضی صدر کے طور پر کے جی بوپیا کی تقرری کے خلاف کانگریس ۔ جے ڈی ایس کی درخواست پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے فلور ٹیسٹ ٹالنے کے انتباہ کے بعد یہ اتحاد بیک فٹ پر آ گیا۔ بوپیا کی تقرری کو لے کر اس اتحاد نے انگلی اٹھائی تھی۔اس اتحاد نے بوپیا کے ذریعہ پہلے سے متنازعہ کردار کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی دلیلیں رکھنی شروع کی تھیں۔ بوپیا 2009۔2013 کے درمیان ریاستی اسمبلی کے صدر رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2010 میں فلور ٹیسٹ کے دوران بی ایس یدی یورپا کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے 16 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا۔ اگرچہ جب جج اے کے سیکری کی قیادت والے تین رکنی بنچ نے کہا کہ جب عارضی صدرکی تصدیق پر انگلی اٹھائی جا رہی ہے تو عدالت کو بوپیا کی بھی سننا پڑے گا اور ا س سے فلورٹیسٹ ٹل جائے گا۔ بنچ نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ ہم عارضی چیئرمین کی تقرری پر حکم دیں تو ہم آپ کو سننے کے لئے تیار ہیں اور اس کے لئے ہمیں عارضی صدر کو نوٹس جاری کرنا ہوگا اور ہمیں فلورٹیسٹ کو ٹالنا ہوگا۔ سبل 2011 کے کرناٹک فلور ٹیسٹ کے سپریم کورٹ کے حکم کو پڑھ رہے تھے لیکن انہوں نے بنچ کو فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں موجودہ صدر پر ا گلی نہیں اٹھا رہا ہوں۔ میں صرف عدالت سے یہ کہہ رہا ہوں کہ انہیں فلورٹیسٹ کرانے کی اجازت نہیں ملنی چاہئے ۔