ویٹوری نے گیل اور چہل کی تعریف کی
راج کوٹ،19؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) رائل چیلنجرس بنگلور کے کوچ ڈینیل ویٹوری نے 38 گیند میں 77 رن بنانے والے کرس گیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جیسے بلے باز کو کسی کپتان یا کوچ کی رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔گیل کی نصف سنچری اور یجوندر چہل کے تین وکٹ کی مدد سے آرسی بی نے گجرات لائنز کو 21 رنز سے شکست دے دی۔ویٹوری نے میچ کے بعد کہاکہ بین الاقوامی کرکٹروں کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ وہ اپنے بلے سے خود بولتے ہیں۔ کپتان یا کوچ کو ان کی کارکردگی کے بارے میں بولنا نہیں پڑتا، انہیں اپنی کارکردگی پر فخر ہے اور وہ ٹیم کے لئے اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ کرس آرسی بی کیلئے اچھا کھیلنا چاہتا ہے اور اس طرح کی پچوں پر کسی بھی بالر کی دھجیاں اڑا سکتا ہے۔ انہوں نے چہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ چار سال سے اس کے ساتھ کام کر رہا ہوں. جب وہ ممبئی میں تھا تو میں نے اس کے خلاف کھیلا بھی، اس نے چیمپئنز لیگ فائنل میں عمدہ بولنگ کی اور یہی وجہ ہے کہ وہ آرسی بی میں ہے۔