ٹیسٹ میچوں میں ٹیم انڈیا کی خراب کارکردگی کا جائزہ لے گی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرس
نئی دہلی ،23؍جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا آپریشن کر رہی منتظمین کی کمیٹی((سی او اے)جنوبی افریقہ میں ہندوستانی ٹیم کے اب تک کی سب سے خراب کارکردگی سے حیران ہے۔یہ کمیٹی جنوبی افریقہ دورہ ختم ہونے کے بعد ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ غور طلب ہے کہ ہندوستان نے کیپ ٹاؤن اور سینچورین ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز گنوا دی ہے۔سیریز کا تیسرا ٹیسٹ کل سے جوہانسبرگ میں شروع ہو جائے گا۔آج یہاں ہوئی سی او اے کی میٹنگ میں موجود بی سی سی آئی کے اہلکار نے کہاکہ ٹیم منیجر سے مکمل رپورٹ ملنے کے بعد ہم کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔فی الحال کچھ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کھلاڑی اور حکام جنوبی افریقہ میں ہیں۔